کراچی ٹینکر مافیا کے حوالے، عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں: شاہی سید

کراچی: عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جب کہ شہر کو ٹینکر مافیا کے حوالے کردیا گیا ہے۔ شہری اپنی گھریلو ضروریات پوری کریں یا مہنگے داموں پانی کے ٹینکر خریدیں۔
انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے کو سالہا سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ کیا جاسکا، کراچی کے شہری اس کے فوائد سے محروم ہیں۔ اربوں روپے کے اس منصوبے کے باوجود عوام کو پانی کی فراہمی کے لیے مزید انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ یہ منصوبہ عملی نتائج کے بجائے حکومتی اعلانات اور وعدوں تک محدود دکھائی دیتا ہے۔
شاہی سید نے کہا کہ پانی، بجلی اور صحت جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔ اگر حکومت عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کرسکتی تو اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے فور منصوبے کو فوری مکمل کیا جائے، کراچی میں پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے پانی کے بحران کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔



