Skip to content
ہفتہ, 7 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
پاکستان

فیول سبسڈی نہ دینے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں، وزیراعظم

شیئر کریں
فیول سبسڈی نہ دینے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کیے جائیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی اب تک کی پیش رفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے نتیجے میں رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مستحق شہریوں کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگی۔

انہوں نے اسکیم کے حوالے سے مانیٹرنگ اور کارگر ڈیش بورڈ ترتیب دینے پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی پذیرائی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم سبسڈی اسکیم کے تحت رجسٹرڈ مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی، سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 15,519,282 شہری رجسٹر ہوچکے، جن میں سے 15.06 ملین موٹر بائیکس اور 449 ہزار 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان ہیں۔

سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک 63٫153,685 ٹوکن جاری ہوئے، جن میں سے 59,445,347 ٹوکنز کو استعمال/ ریڈیم کیا گیا، فیول سبسڈی اسکیم کے تحت 4 نومبر، 2026 تک 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں ہوچکی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم سے متعلق معلومات اور شکایات کے ازالے کے لئے صارفین اور پٹرول پمپس کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظفر اقبال اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.live/licenses-of-petrol-pumps-refusing-to-provide-fuel-subsidies-should-be-cancelled-says-the-prime-minister/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

74 خبریں