کھیل ہانگ کانگ سپر سکسز میں پاکستان کی بھارت کے خلاف شان دار کامیابی

ہانگ کانگ: ہانگ کانگ میں جاری سپر سکسز کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ سی کے اہم مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔
مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان عباس آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 88 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں دو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے ایک اوور میں 10 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
89 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 3.5 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ اوپننگ بیٹر خواجہ نافع نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 گیندوں پر دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی نے بھی 35 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ عبدالصمد سات اور عرفان خان 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے بھارت کے خلاف اہم مقابلہ اپنے نام کرلیا۔
https://urdu.voiceofsindh.live/pakistans-impressive-victory-over-india-in-the-hong-kong-super-sixes/






