کراچی گلستان جوہر کی فرنیچر مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی، کروڑوں کا سامان خاکستر

کراچی: گلستانِ جوہر میں کامران چورنگی کے قریب واقع فرنیچر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے قابو پالیا، تاہم آگ کے باعث مارکیٹ میں موجود سامان کو بھاری نقصان پہنچا۔
متاثرہ مارکیٹ میں آگ بجھانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا جاسکے۔ آتشزدگی کے شعلے قریبی رہائشی عمارت تک بھی پہنچ گئے تھے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں لگی آگ پر بھی قابو پالیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق آگ بجھانے کے آپریشن میں چار فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا اور مسلسل کوششوں کے بعد صورت حال پر قابو پایا گیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔
دوسری جانب متاثرہ دکان داروں کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں فرنیچر اور دیگر قیمتی سامان جلنے سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی جب کہ نقصان کا مکمل تخمینہ کولنگ اور متاثرہ دکانوں کے جائزے کے بعد لگایا جاسکے گا۔
https://urdu.voiceofsindh.live/massive-fire-erupts-at-gulistan-e-johar-furniture-market-goods-worth-millions-reduced-to-ashes/






