کاروبار جمعے کو وزیراعظم کی سخت ہدایت پر 15 روپے فی لیٹر قیمت کو نہیں بڑھنے دیا گیا، علی پرویز ملک

اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ جمعے کو پٹرول 15 روپے لیٹر مہنگا ہونا تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر وہ بوجھ آئل ریفائنریز پر منتقل کردیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا وزیراعظم کی ترجیح ہے، آئل ریفائنریز کے ساتھ کل نشست میں تمام امور پر گفتگو ہوگی، ریفائنریز نے منافع بھی بہت کمایا ہے، اس بار ان کے تعاون پر شکر گزار ہیں، آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لیٹر سستا فراہم کرنے کے قابل ہوئے، ریفائنریز کا 3 ماہ کا منافع پورے ایک سال سے زیادہ تھا۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ کروڑوں افراد پٹرول ریلیف سے مستفید ہورہے ہیں، ریفائنریز کے ساتھ مل کر ڈیزل کے لیے کروڈ بیسڈ فارمولا طے کیا تھا، جمعے کو پٹرول کی قیمتوں میں آنے والا 15 روپے اضافہ روکا گیا، ریفائنریز نے پٹرول کی قیمت کنٹرول میں رکھنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا، ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمت میں 15 ارب روپےکا لوڈ خود اٹھانےکا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ خطے کی صورت حال کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور انشورنس کے خرچے بڑھ چکے ہیں، چند دنوں میں ہوئے واقعات کی وجہ سے عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق لاجسٹک مسائل اور انشورنس میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم پر پریمیئم 10 سے 20 ڈالر فی بیرل بڑھ گیا ہے، جنگ سے پہلے پٹرول پر پریمیئم 5 ڈالر تھا جو 20 ڈالرفی بیرل پرگیا، ایل پی جی کی فی کلو قیمت 700 روپے تک ہونے کی بات غلط ہے۔ ڈیزل پر خام تیل کا فارمولا لاگو ہے، مقامی ریفائنریز 30 فیصد پیٹرول بناتی ہیں، عوام نے تیل کی قیمت کے لیے بہت مشکلات برداشت کیں، حکومت کسی سے زیادتی نہیں کرے گی، عوام کا تحفط یقینی بنائے گی۔
آبنائے ہرمز میں پاکستان آنے والے ایل این جی کارگو پر حملے کے سوال پر علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ جس جگہ پر جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ ہرمز سے پہلے ہے، کراسنگ کے اوپر نہیں ہوا، اس مشکل وقت میں ایندھن جہاں بھی جارہا ہو انسانی بنیادوں پر اسے جانے دینا چاہیے، جہاز پر حملہ جہاں سے بھی ہوا ہے، تحقیقات میں سامنے آجائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی سخت ہدایت پر 15 روپے فی لیٹر قیمت کو نہیں بڑھنے دیا گیا، عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا پہلے دن سے وژن تھا کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، پاکستان میں فیول کی قلت نہیں، ہماری ضرورت پوری ہو رہی ہے، دنیا بھر کی معیشت جنگوں سے متاثر ہے، پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی، مشکل حالات کے باوجود پاکستان کے معاشی انڈیکیٹرز مثبت ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل، رکشوں، چھوٹی گاڑی مالکان کو فیول ریلیف کا سلسلہ جاری رہےگا، اب تک پیٹرول کی مد میں27 ارب روپےکا ریلیف دے چکے ہیں، یہ بہت بڑا ریلیف ہے، اسکیم کامیابی سے جاری ہے، امن کی کوششیں بھی جاری ہیں، امن آئےگا تو حالات معمول کی طرف لوٹیں گے، سبسڈی جاری ہے اور جو قیمت بڑھنی تھی وہ نہیں بڑھنے دی گئی۔
حکومت نے پیٹرول کی قیمت مقرر کرنےکا فارمولا تبدیل کردیا
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ریفائنریز کے لیے پیٹرول کی قیمت مقرر کرنےکا فارمولا تبدیل کردیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق وفاقی کابینہ نے نئے طریقہ کار کی منظوری دے دی ہے۔حکومت نے آئل ریفائنریز کو ہدایت کی ہے کہ درآمدی قیمت اور ریفائنری کی سطح پر مقررہ قیمت کے درمیان فرق سرکاری خزانے میں جمع کرایا جائے، جب کہ اس سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کی صورت میں عوام کو منتقل کیا جائےگا۔
حکومت نے ریفائنریز کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ 30 روز تک پیٹرول کی قیمت کے تعین میں پریمیئم، دیگر اخراجات اور کسٹم ڈیوٹی کی سطح 7 مارچ 2026 کے مطابق برقرار رکھی جائے، جسے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ سے قبل کی بنیاد تصور کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق درآمدی قیمت اور ریفائنری قیمت میں پیدا ہونے والا فرق پیٹرولیم لیوی کی مد میں قومی خزانے میں جمع ہوگا، اور اسی رقم کے برابر ریلیف پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ذریعے صارفین کو دیا جائے گا۔
https://urdu.voiceofsindh.live/due-to-the-prime-ministers-strict-directives-on-friday-the-price-was-not-allowed-to-increase-by-rs-15-per-liter-says-ali-pervaiz-malik/






